علیمہ خان کا وضاحتی بیان، عظمیٰ خان نے بانی کا پیغام واضح کر دیا

راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ سے ان کی کوئی تلخ کلامی نہیں ہوئی، وہ ہمارے وکیل ہیں اور خاندان کی طرح ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سلمان اکرم راجہ کا کوئی ذاتی مسئلہ ہوسکتا ہے، ضمنی انتخابات کے معاملے پر بہتر ہے ان سے پوچھا جائے۔

علیمہ خان نے اپنے بچوں کی گرفتاری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ سمجھ نہیں آئی انہیں کیوں اٹھایا گیا۔ شاہریز خان بزنس کرتا ہے اور پاکستان کی نمائندگی اسپورٹس میں کرچکا ہے، جبکہ شیر شاہ کو بھی دوسرے دن گرفتار کرلیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان گرفتاریوں سے ہمیں فرق نہیں پڑتا، میں نے کہا ہے کہ مجھے بھی گرفتار کریں، یہ خوفزدہ ہیں اور بچوں سے ڈر گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی کا پیغام اگر فیملی کے ذریعے دیا جائے تو وہ بانی کا ہی مؤقف ہوتا ہے۔

اس موقع پر عظمیٰ خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخاب پر تنازعہ ہے تو پارٹی وضاحت کرے گی، مگر ہماری ملاقات کے دوران بانی نے واضح طور پر کہا تھا کہ ضمنی الیکشن میں حصہ نہیں لینا۔ ان کے مطابق بانی نے کہا تھا کہ الیکشن لڑنے سے پارٹی کو نقصان ہوگا، ناجائز نااہلیوں کو جواز ملے گا اور مرضی کے لوگوں کو جتوایا جائے گا۔ عظمیٰ خان کا کہنا تھا کہ بانی نے پارٹی کو پیغام دیا تھا کہ تحریک پر توجہ مرکوز کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close