اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل اور معروف قانون دان سلمان اکرم راجہ پارٹی سے علیحدہ ہوگئے۔ انہوں نے سیاست کو خیرباد کہہ کر اپنی تمام تر توجہ دوبارہ وکالت پر مرکوز کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی کے سخت رویے اور عمران خان کی بہن علیمہ خانم کے ساتھ تلخ کلامی نے سلمان اکرم راجہ کو پارٹی معاملات سے مایوس کردیا۔ وہ علیمہ خان کے بڑے قانونی معاون سمجھے جاتے تھے مگر بعد ازاں انہی کی تنقید برداشت نہ کرسکے اور بالآخر پارٹی چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔ پارٹی کے اندرونی اختلافات کے باعث تحریک انصاف مزید تقسیم کا شکار ہے۔ نئے سیکریٹری جنرل کے لیے کئی نام سامنے آرہے ہیں جن میں سردار لطیف کھوسہ مضبوط امیدوار تصور کیے جا رہے ہیں۔
قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی سیاست میں شمولیت کے باعث سلمان اکرم راجہ کو کروڑوں روپے کا مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا تھا، جس پر ان کے اہل خانہ اور قریبی رفقا بھی ناخوش تھے۔ اسی وجہ سے انہوں نے سیاست سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔ دوسری جانب حماد اظہر کے دستبردار ہونے سے لاہور کے حلقہ این اے 129 میں مسلم لیگ (ن) کے لیے ضمنی انتخاب آسان ہوگیا ہے۔ دریں اثنا علیمہ خان کے بیٹوں کی گرفتاری پر جمائما گولڈ اسمتھ کے ٹوئٹ کے بعد عمران خان کے بیٹوں کی پاکستان آمد کے امکانات بھی ختم ہوتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف میں ٹوٹ پھوٹ کی شدت دن بدن بڑھتی جارہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں