حماد اظہر نے این اے 129 سے الیکشن نہ لڑنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ان کے والد کی خالی ہونے والی نشست پر ان کے بھانجے چوہدری ارسلان ظہیر کو الیکشن میں حصہ دیا جائے گا، جبکہ ان کی ہمشیرہ ارسلان کی انتخابی مہم کی انچارج ہوں گی۔
حماد اظہر نے کہا کہ ان کے لیے انتخابی مہم میں حصہ لینا ممکن نہیں، اور نشست جیتنے کے بعد حلف لینا بھی ممکن نہیں ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ ارسلان ظہیر تحریک انصاف کے دور حکومت میں لاہور فروٹ اور سبزی منڈی کمیٹی کے چیئرمین رہ چکے ہیں اور ایک باصلاحیت نوجوان ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ارسلان ظہیر ماضی میں ان کے والد اور ان کی انتخابی مہمات میں بھرپور ساتھ دیتے رہے ہیں اور ان شاء اللہ اس نشست پر با آسانی کامیاب ہوں گے۔
حماد اظہر نے یہ بھی واضح کیا کہ ارسلان ظہیر پر 9 مئی کے کسی جعلی مقدمے کا الزام نہیں کیونکہ وہ اس روز ملک سے باہر تھے، اس لیے ان کی کامیابی کے بعد جبری نااہلی کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ارسلان کے والد 2020ء میں کووڈ کے باعث انتقال کر گئے تھے، جس کے بعد ان کے والد میاں اظہر مرحوم نے ارسلان کو اپنی سرپرستی میں لیا اور ہمیشہ انہیں اپنا دوسرا بیٹا تصور کیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں