تیار ہو جائیں ، سرکاری ملازمین کے لیے بری خبر آگئی

سرکاری اور نیم سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، یہ کٹوتی اگست 2025 کی تنخواہوں سے کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد اور بحالی کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے محکمہ خزانہ نے باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے، جس میں کہا ہے کہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری افسران کی دو دن جبکہ گریڈ 1 سے 16 کے ملازمین کی ایک دن کی بنیادی تنخواہ اگست 2025 کی ادائیگی سے کاٹی جائے گی۔

فیصلے کا اطلاق صوبے کے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور خود مختار اداروں کے ملازمین پر ہوگا۔

محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ صوبائی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں متفقہ طور پر کیا گیا ہے جس کا مقصد سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی فنڈز اکٹھا کرنا ہے تاکہ ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں کو تیز کیا جا سکے۔

انھوں نے مزید کہا ان فنڈز سے متاثرہ خاندانوں کو عارضی رہائش، خوراک، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بحالی کے اقدامات کو بھی فوری طور پر ممکن بنایا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close