وزیراعظم شہباز شریف نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے ریسکیو ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے متاثرہ رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے پر ان کی پذیرائی کی۔ وزیراعظم نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور ضلعی انتظامیہ کو غذر کے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ شہباز شریف نے زیریں علاقوں میں بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر امدادی کارروائیوں کی بھرپور تیاری رکھنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دریاؤں، ندی نالوں اور قدرتی گزرگاہوں کے گرد غیر قانونی تعمیرات روکنے کے لیے قومی سطح پر مہم چلائی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین کی مدد قومی فریضہ ہے، ریسکیو اور امداد کے بعد بحالی کا کام فوری شروع کیا جائے گا اور امدادی سامان کی فراہمی ہر حال میں یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے دریائے سندھ اور ستلج سمیت گڈو، سکھر اور دیگر مقامات پر ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر این ڈی ایم اے کو تمام پی ڈی ایم ایز کے ساتھ رابطہ قائم رکھنے کی ہدایت بھی دی۔ مزید برآں، وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے علاقے غذر کے رہائشی وصیت خان کو بروقت گلوف کی اطلاع دینے پر خراج تحسین پیش کیا، جس کی بدولت جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں