پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے بھانجے اور علیمہ خان کے بیٹے شیر شاہ کو حراست میں لے لیا ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق، علیمہ خان کے دوسرے بیٹے کو بھی اُس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ گاڑی میں سوار تھے، جسے علیمہ خان کے شوہر چلا رہے تھے۔ بتایا گیا ہے کہ سادہ لباس میں ملبوس پولیس اہلکاروں نے گاڑی کو روکا اور نوجوان کو گرفتار کرکے ساتھ لے گئے۔
اس سے قبل علیمہ خان کے ایک اور بیٹے، شاہ ریز عظیم، کو بھی پولیس نے گزشتہ روز گرفتار کیا تھا۔ بعد ازاں اطلاعات سامنے آئیں کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی 2023 کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں شاہ ریز کا 8 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے 30 روزہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کے بعد یہ فیصلہ سنایا۔
پولیس نے عدالت کو بتایا کہ شاہ ریز کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں سپلیمنٹری بیان کی بنیاد پر نامزد کیا گیا ہے اور ان سے موبائل فون سمیت دیگر شواہد کی برآمدگی کے لیے ریمانڈ درکار ہے۔ شاہ ریز کی قانونی نمائندگی پی ٹی آئی رہنما اور سینئر وکیل سلمان اکرم راجہ نے کی، جنہوں نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں