پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے 9 مئی کے واقعات کو “غلطی” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی نے ہمیشہ اس واقعے کی مذمت کی ہے، تاہم پی ٹی آئی نے ان کے بیان پر وضاحتی اعلامیہ بھی جاری کر دیا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا:
“ہم فرشتے نہیں ہیں، 9 مئی ایک غلطی تھی جس کی ہم سب نے مذمت کی ہے، اور دوبارہ ایسا نہیں ہونا چاہیئے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ:
“ہم نے اس واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ اداروں کا احترام کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ پارلیمنٹ کا بھی احترام کیا جائے۔”
انتخابات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا:
“ہم نے الیکشن میں 180 نشستیں جیتیں، اسمبلی آئے تو 91 رہ گئیں اور اب صرف 76۔ اتنے تو خزاں میں پتے نہیں جھڑتے جتنی نشستیں ہم سے واپس لی گئیں۔”
پی ٹی آئی کی جانب سے وضاحتی بیان جاری
بیرسٹر گوہر کے بیان کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے ایک وضاحتی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا میں ان کے بیانات کو پارٹی مؤقف کے طور پر پیش کرنا “حقائق کے منافی” ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق:
“بیرسٹر گوہر علی خان کے بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے نہ تو کوئی سرکاری معذرت نامہ جاری کیا گیا ہے، اور نہ ہی ایسا کوئی ارادہ ہے۔”
بیان میں مزید کہا گیا:
“جو تاثر دیا جا رہا ہے کہ پی ٹی آئی نے کسی دباؤ یا مجبوری کے تحت معذرت کی ہے، وہ سراسر غلط اور گمراہ کن ہے۔ ہمارا مؤقف واضح ہے کہ 9 مئی کے واقعات ایک فالس فلیگ آپریشن تھے جن کا مقصد پارٹی کو بدنام کرنا تھا۔”
تحریک انصاف نے ایک بار پھر اعادہ کیا کہ:
“پارٹی کا بیانیہ، مؤقف اور جدوجہد چیئرمین عمران خان کے نظریے کے عین مطابق ہے اور ہم اسی مؤقف پر قائم ہیں۔”
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں