موسلا دھار بارش سے فضائی آپریشن متاثر، پروازیں منسوخ و تاخیر کا شکار

کراچی میں منگل کی صبح شروع ہونے والی موسلا دھار بارش نے جہاں معمولات زندگی کو متاثر کیا وہیں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بھی شدید متاثر ہوا۔

بارش کے باعث 5 پروازیں لینڈ نہ کرسکیں اور انہیں متبادل ایئرپورٹس پر منتقل کیا گیا، جبکہ مختلف ایئرپورٹس کی 14 پروازیں منسوخ اور 82 تاخیر کا شکار ہوئیں۔ ای آر 501 دو بار لینڈنگ میں ناکامی کے بعد واپس اسلام آباد بھیج دی گئی۔ لاہور تا کراچی پی اے 405 اور دبئی سے آنے والی ایف زیڈ 335 کو ملتان اتارا گیا۔ اسکردو سے آنے والی پرواز لینڈنگ میں ناکام ہونے کے بعد سکھر منتقل ہوئی جبکہ جدہ سے آنے والی ای آر 812 کو اسلام آباد لے جایا گیا۔

کراچی سے سکھر، کوئٹہ اور اسلام آباد کی 6 پروازیں منسوخ ہوئیں، جب کہ دبئی جانے والی 2 چارٹرڈ پروازیں بھی اڑان نہ بھر سکیں۔ دبئی تا لاہور کی 2 پروازیں پی اے 416 اور 417 جبکہ گلگت تا اسلام آباد کی 4 قومی پروازیں بھی منسوخ کردی گئیں۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کی 20 پروازوں میں 1 سے 7 گھنٹے اور اسلام آباد–کراچی کے درمیان 11 پروازوں میں 1 سے 6 گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close