نجی ٹی وی کے صحافی خاور حسین کی پُراسرار موت کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
سندھ حکومت کی خصوصی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایک اہم گواہ سامنے آیا ہے جس نے خاور حسین سے ان کی موت سے کچھ دیر قبل گفتگو کی تھی۔ ان کے مطابق خاور حسین کی گاڑی، موبائل فون اور پسٹل فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیے گئے ہیں جبکہ کراچی سے سانگھڑ تک کے سفر کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گاڑی سے صرف ایک موبائل فون برآمد ہوا ہے، تاہم شبہ ہے کہ دوسرا فون خاور حسین کے اہلخانہ کے پاس ہے جسے بھی تحویل میں لیا جائے گا۔ کمیٹی سربراہ نے انکشاف کیا کہ برآمد شدہ موبائل فون کا ڈیٹا مکمل طور پر ری سیٹ کر دیا گیا تھا، تاہم فرانزک ماہرین اس ڈیٹا کو ریکور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آزاد خان نے کہا کہ تحقیقاتی ٹیم اہلخانہ سے ملاقات کرے گی تاکہ مزید معلومات حاصل کی جا سکیں، تاہم اس مرحلے پر یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ معاملہ قتل ہے یا خودکشی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں