سانگھڑ میں کار سے مردہ پائے گئے کراچی کے صحافی خاور حسین کی موت سے چند لمحے قبل کی ایک ویڈیو منظر عام پر آگئی ہے۔
دو روز قبل سانگھڑ کے حیدرآباد روڈ پر صحافی کی لاش ان کی گاڑی سے برآمد ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بظاہر خودکشی سامنے آئی ہے، کیونکہ صحافی کے سر پر لگی گولی ان کے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے چلائی گئی۔ پولیس حکام نے بتایا کہ گاڑی کی کھڑکیاں بند تھیں، شواہد کے طور پر فنگر پرنٹس، سی سی ٹی وی فوٹیج اور کال ڈیٹا ریکارڈ حاصل کرلیا گیا ہے جبکہ سی ڈی آر دوبارہ 24 گھنٹوں میں حاصل کیا جائے گا۔
سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاور حسین نے گاڑی کھڑی کی، پھر ایک ریسٹورینٹ میں جاتے اور واپس آتے دکھائی دیے۔ عینی شاہدین نے بھی انہیں ریسٹورینٹ آتے جاتے دیکھا، تاہم کسی نے گولی چلنے کی آواز سننے کی تصدیق نہیں کی۔ واقعے کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو دو روز میں رپورٹ آئی جی سندھ کو پیش کرے گی۔ مزید تفتیش کے لیے لاش کو حیدرآباد کے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ اسلحہ اور گاڑی کو فارنزک جانچ کے لیے بھیجا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں