ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام پاکستان اور صوبے کے تعلق کو بخوبی سمجھتے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہو رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام جاری انٹرن شپ پروگرام میں طلباء کے ساتھ خصوصی نشست کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے طلباء کے سوالات کے جواب دیے۔ انہوں نے کہا کہ میجر محمد انور کاکڑ شہید ایک شاندار آفیسر اور بلوچستان کا عظیم بیٹا تھا، جس نے گوادر حملے میں کئی دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کے تحفظ کے لیے روزانہ فوجی افسران، جوان اور شہری قربانیاں دے رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ آپریشن اس وقت کامیاب ہوتا ہے جب عوام خود دہشت گردوں کی نشاندہی کریں، اس لیے انہیں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کہا جاتا ہے۔ اگر کوئی شہری دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے یا بارودی مواد گھر میں رکھتا ہے تو اسے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ تاہم ایک شخص کی دہشت گردی کی سزا پورے علاقے کو نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اور انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرتے ہوئے دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کو سامنے لایا جا رہا ہے۔ عوام اب خود بتا رہے ہیں کہ کہاں دہشت گرد اور سہولت کار موجود ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بلوچ عوام سمجھدار اور باصلاحیت ہیں، کئی نوجوان اپنی تقدیر کے مالک بن چکے ہیں۔ کیمبرج یونیورسٹی کے مایہ ناز سائنسدان صمد یار جنگ، شاہ زیب رند اور متعدد بلوچ بچیاں جو آج ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر فائز ہیں، اس کی مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ کی بنیاد پر قائم ہوا ہے، نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ کسی عرب کو عجمی پر اور کسی گورے کو کالے پر کوئی فضیلت حاصل نہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں