مریم نواز کی  دورۂ جاپان میں مصروفیات کیا؟ اہم تفصیلات سامنے آ گئیں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا دورۂ جاپان: اہم مصروفیات اور شیڈول سامنے آ گیا

لاہور/ٹوکیو: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے متوقع دورۂ جاپان کی تفصیلات منظرِ عام پر آ گئی ہیں، جسے نہ صرف سیاسی بلکہ معاشی حوالے سے بھی ایک تاریخی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ دورے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، اور مریم نواز 17 اگست 2025 کو ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جاپان پہنچیں گی۔

ذرائع کے مطابق، جاپان پہنچنے پر پاکستان کے سفیر عبدالحمید ان کا شاندار استقبال کریں گے، جبکہ جاپانی حکومت کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود ہوں گے۔

سرمایہ کاری، سفارتکاری اور عالمی نمائش میں شرکت

دورے کے دوران مریم نواز جاپانی حکومتی شخصیات، ممتاز کاروباری اداروں، اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں کریں گی۔ ان کی قیادت میں ایک خصوصی سرمایہ کاری کانفرنس بھی منعقد کی جائے گی، جہاں جاپانی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ، وزیراعلیٰ پنجاب جاپان کے شہر اوساکا میں جاری عالمی نمائش “ایکسپو جاپان 2025” میں بھی پاکستان کی نمائندگی کریں گی، جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی موجودگی کو اجاگر کرنے کا ایک مؤثر موقع ہوگا۔

(ن) لیگ جاپان کی جانب سے استقبالیہ تقریب

وزیراعلیٰ مریم نواز کے اعزاز میں پاکستان مسلم لیگ (ن) جاپان کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے، جو جاپان کے ایک معروف فائیو اسٹار ہوٹل میں منعقد ہو گی۔ تقریب کی میزبانی (ن) لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان کریں گے۔

تقریب میں 500 سے زائد معزز مہمانوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) انٹرنیشنل افیئرز کے سابق جنرل سیکریٹری شیخ قیصر محمود بھی خصوصی طور پر جاپان پہنچ چکے ہیں۔ تقریب کے انتظامات کی نگرانی مسلم لیگ (ن) جاپان کے چیئرمین ملک یونس اور دیگر رہنما کر رہے ہیں۔

تعلقات میں نئی جہتیں

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ دورہ نہ صرف پاکستان اور جاپان کے باہمی تعلقات کو ایک نئی جہت دے گا، بلکہ تجارتی، صنعتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بھی تعاون کے نئے دروازے کھولنے کا باعث بنے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close