کراچی: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے کراچی کے شہریوں کے لیے شناختی کارڈ کے حصول کے عمل کو مزید آسان بنانے کے لیے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت نیا نادرا سینٹر عوامی مرکز میں قائم کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ڈی جی نادرا سندھ عامر علی خان نے عوامی مرکز میں نئے نادرا سینٹر کا افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب کے دوران انہوں نے شہریوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے مزید سہولیات فراہم کرنے کا اعلان بھی کیا۔
عامر علی خان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے بڑھتے ہوئے رش اور وقت کے ضیاع کو کم کرنے کے لیے کراچی میں مزید دو نئے نادرا میگا سینٹرز بنائے جا رہے ہیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو بآسانی سہولیات میسر آئیں۔
“مددگار” کو ایگزیکٹو کا درجہ، موبائل ایپ سے سہولت
ڈی جی نادرا نے بتایا کہ میگا سینٹرز کے باہر موجود “مددگار” اہلکاروں کو اب ایگزیکٹو کا درجہ دیا جا رہا ہے تاکہ وہ شہریوں کو بہتر رہنمائی فراہم کر سکیں اور عمل میں شفافیت اور سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔
علاوہ ازیں، انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ نادرا کی “پاک آئی ڈی” موبائل ایپ استعمال کریں، جو کہ شناختی کارڈ سمیت دیگر سروسز کے لیے مکمل معلومات اور بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت فراہم کرتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں