اسلام آباد کے ایوانِ صدر میں ایک باوقار تقریب کے دوران سول و عسکری شخصیات کو اعلیٰ قومی اعزازات سے نوازا گیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو معرکۂ حق میں غیر معمولی جرأت، جنگی مہارت اور حب الوطنی کے اعتراف میں ہلالِ جرأت عطا کیا گیا۔
تقریب کی صدارت صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کی، جب کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، دیگر اعلیٰ عسکری و سول حکام، اور سیاسی رہنما بھی تقریب میں شریک تھے۔
صدرِ مملکت نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو نشانِ امتیاز، اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف کو ملکی بحری سرحدوں کے دفاع میں خدمات پر نشانِ امتیاز سے نوازا۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کو فضائی محاذ پر دشمن کو شکست دینے پر ہلالِ جرأت عطا کیا گیا۔
سیاسی قیادت کو بھی ان کی خدمات پر سراہا گیا۔ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ دفاع خواجہ آصف، وزیرِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ داخلہ محسن نقوی، وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کو بھی نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔
یہ تقریب قومی خدمات کے اعتراف اور مادرِ وطن کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا ایک اہم مظہر تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں