گلگت بلتستان میں یومیہ الاؤنس میں اضافے کے مطالبے پر احتجاج کرنے والے 35 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔ یہ اقدام اُس احتجاج کے بعد سامنے آیا جو گزشتہ شب درجنوں مرد و خواتین پولیس اہلکاروں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے کیا تھا، جہاں انہوں نے اپنے مطالبات کے حق میں پوری رات دھرنا دیا۔
گلگت ریزرو پولیس (آر پی) اور ہنزہ کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس کی جانب سے جاری کردہ دو علیحدہ نوٹیفکیشنز کے مطابق گلگت میں 26 اور ہنزہ میں 9 پولیس اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے۔
گلگت ریزرو پولیس کے نوٹیفکیشن میں معطلی کی وجہ “سرکاری ملازمین کے ضابطۂ اخلاق کی سنگین خلاف ورزی” قرار دی گئی، جبکہ ہنزہ کے نوٹیفکیشن میں صرف احتجاج میں شرکت کو وجہ بتایا گیا۔ دونوں نوٹیفکیشنز، جن کی کاپیاں ڈان نیوز کے پاس موجود ہیں، میں یہ بھی ذکر کیا گیا ہے کہ معطل کیے گئے اہلکاروں کی تنخواہیں روک دی گئی ہیں۔
ادھر گلگت بلتستان پولیس نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا ہے کہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر 63 اہلکاروں کو ملازمت سے برخاست کر دیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی باضابطہ نوٹیفکیشن تاحال جاری نہیں کیا گیا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں