وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 100 الیکٹرک بسوں پر مشتمل ایک اور بیڑا چین کے یانٹائی پورٹ سے آج رات روانہ ہو رہا ہے۔ یہ بسیں پنجاب کے ان اضلاع کے لیے مختص کی گئی ہیں جہاں طویل عرصے سے پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت دستیاب نہیں تھی۔
اپنے ایک پیغام میں، جو انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر شیئر کیا، مریم نواز نے بتایا کہ یہ جدید الیکٹرک بسیں میانوالی، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، مظفرگڑھ، وہاڑی، پاکپتن اور ڈیرہ غازی خان جیسے اضلاع میں چلائی جائیں گی۔ ان اضلاع کو ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے لیے یہ ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان ایئرکنڈیشنڈ بسوں کا کرایہ صرف 20 روپے مقرر کیا گیا ہے، تاکہ ہر طبقے کے شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ یہ جدید بسیں نہ صرف ماحول دوست ہوں گی بلکہ ان میں وائی فائی، خودکار ٹکٹنگ سسٹم، اور معذور افراد کے لیے رسائی کی سہولت بھی موجود ہوگی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ اقدام عوام کو محفوظ، آرام دہ اور باوقار سفری سہولت فراہم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں