شرح سود اور بجلی کی قیمت میں مزید کمی کا عندیہ، معیشت میں واضح بہتری: وزیر خزانہ کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے شرح سود میں مزید کمی اور بجلی سستی ہونے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملکی معیشت میں استحکام آرہا ہے اور عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کر رہے ہیں۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں معیشت مستحکم ہوئی، پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی لائی گئی ہے اور مزید کمی کی گنجائش موجود ہے، جس کا جلد اعلان کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے نرخ کم ہو چکے ہیں اور مستقبل میں مزید کمی کی امید ہے۔ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ ایس ایم ای سیکٹر کو جاری قرضوں میں 41 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو ایک نمایاں پیش رفت ہے، تاہم قرضوں کی ادائیگی سے صورتحال مزید بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کی نجکاری تیزی سے جاری ہے جبکہ حکومتی اخراجات کم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر خزانہ کے مطابق پہلی بار زرعی آمدنی کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا گیا ہے، ٹیکس کا نظام بہتر بنانا ناگزیر ہے اور ٹیکس نیٹ بڑھانے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تنخواہ دار طبقے پر مزید ٹیکس نہیں لگایا جائے گا اور جتنی مالی گنجائش تھی اس کے مطابق ریلیف دیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے تمام اشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں، آئی ایم ایف سے معاہدوں کا مقصد ترقی ہے، رواں سال کے آخر میں پانڈا بانڈ جاری کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ چین کے ساتھ معاہدے بھی طے پا رہے ہیں۔ گیلپ سروے کے مطابق کاروباری برادری کا اعتماد بڑھ رہا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید بہتری کی توقع ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پرائیویٹ سیکٹر ملکی معیشت کو آگے لے کر چلے گا اور حکومت کا کام کاروباری طبقے کو سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں تمام چیمبرز سے رابطہ جاری ہے اور ایس آئی ایف سی سب کو اعتماد میں لے کر جائز تشویشات دور کرنے پر کام کر رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close