پانچ ممالک پاکستان کے مقروض نکلے، کون کون سے ؟ جانئے

اگرچہ پاکستان خود مختلف عالمی مالیاتی اداروں اور ممالک کا مقروض ہے، تاہم ایک حالیہ آڈٹ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ دنیا کے پانچ ممالک پاکستان کے بھی بڑے نادہندہ ہیں۔ ان ممالک پر پاکستان کے کروڑوں ڈالر واجب الادا ہیں، جن کی ادائیگی گزشتہ چار دہائیوں سے التوا کا شکار ہے۔

رپورٹ کے مطابق سری لنکا، بنگلا دیش، عراق، سوڈان اور گنی بساؤ پاکستان کے مجموعی طور پر 30 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کے مقروض ہیں، جو ملکی کرنسی میں 86 ارب روپے سے زائد بنتے ہیں۔ یہ رقوم 1980 اور 1990 کی دہائی میں ایکسپورٹ کریڈٹ کے تحت ان ممالک کو دی گئی تھیں۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ واجب الادا رقم عراق پر ہے، جو 23 کروڑ 13 لاکھ ڈالر بنتی ہے۔ اس کے بعد سوڈان پر 4 کروڑ 66 لاکھ ڈالر، بنگلا دیش پر شوگر پلانٹ اور سیمنٹ کے منصوبوں کے تحت 2 کروڑ 14 لاکھ ڈالر، اور گنی بساؤ پر 36 لاکھ 53 ہزار ڈالر واجب الادا ہیں۔

یہ ریکوری سب سے پہلے مالی سال 2006-07 میں آڈیٹر جنرل کے دفتر نے نشاندہی کی تھی۔ وزارتِ اقتصادی امور کے حکام کا کہنا ہے کہ دفتر خارجہ کے ذریعے سفارتی ذرائع، مشترکہ وزارتی کمیٹیوں اور مختلف چینلز کے ذریعے ان رقوم کی واپسی کے لیے متعدد کوششیں کی گئیں۔ یاد دہانی کے خطوط اور ڈیمانڈ نوٹس بھی بھجوائے گئے، تاہم اب تک کوئی قابلِ ذکر پیشرفت نہیں ہو سکی۔

رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ واجب الادا رقوم کی وصولی کے لیے یہ معاملہ اعلیٰ ترین سطح پر اٹھایا جائے، تاکہ مالی نقصان سے بچا جا سکے اور قومی خزانے میں یہ خطیر رقم واپس لائی جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close