اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں 13 اگست 2025 بروز بدھ مقامی تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے باعث شہری 13 اور 14 اگست کو دو مسلسل چھٹیوں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ضلعی مجسٹریٹ کے دفتر سے 12 اگست کو جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ یہ تعطیل اسلام آباد میں قائم تمام سرکاری و نجی دفاتر، تعلیمی اداروں اور متعلقہ اداروں پر لاگو ہوگی۔ تاہم، عوامی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری خدمات انجام دینے والے ادارے معمول کے مطابق کام کرتے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (MCI)، کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (CDA)، آئی سی ٹی ایڈمنسٹریشن، پولیس، اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو)، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (SNGPL) اور تمام سرکاری اسپتال تعطیل سے مستثنیٰ ہوں گے۔
انتظامیہ کے مطابق یہ تعطیل شہر میں 14 اگست کی مناسبت سے ہونے والی تیاریوں اور مقامی سرگرمیوں کے پیشِ نظر دی گئی ہے۔ ضلعی مجسٹریٹ نے ہدایت کی ہے کہ اس نوٹیفکیشن کو تمام وفاقی وزارتوں، اداروں اور میڈیا کے ساتھ شیئر کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت آگاہی دی جا سکے۔
واضح رہے کہ 14 اگست کو یومِ آزادی کے موقع پر پہلے ہی عام تعطیل کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں