اسلام آباد: پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے پرتگال میں بیوروکریٹس کی جائیدادوں کے انکشاف پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ افسران کی فہرست طلب کر لی ہے۔
چیئرمین جنید اکبر کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کمیٹی نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارت داخلہ سے ان افسران کی تفصیلات طلب کیں جنہوں نے پرتگال میں جائیدادیں خریدی ہیں۔
اجلاس کے دوران یوٹیلٹی اسٹورز کی ممکنہ بندش کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ اس حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ محکموں کو آئندہ اجلاس میں طلب کیا جائے گا۔
ممبر کمیٹی سید نوید قمر نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز بند نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی، لیکن اب یہ اسٹورز بند کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کو برطرف نہ کرنے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا، اور متعدد ملازمین کو نوکریوں سے نکالا جا رہا ہے۔
نوید قمر نے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمنٹ کو درست اور شفاف معلومات فراہم نہیں کی جاتیں، جو ایک تشویشناک رجحان ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر انکشاف کیا تھا کہ پاکستان کی بیوروکریسی کا ایک بڑا حصہ پرتگال میں جائیدادیں خرید چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی معروف افسران وہاں کی شہریت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اور یہ افراد اربوں روپے کے کرپشن اسکینڈلز میں ملوث ہونے کے باوجود پُرسکون ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں