وزیر دفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا ہے کہ اگر بھارت دوبارہ جنگ کی کوشش کرتا ہے تو اس بار لڑائی سرحدی علاقوں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ بھارت کے اندر تک پہنچے گی۔
جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگ میں شکست کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اپنے جرنیلوں سے عزت بچانے کی فریاد کر رہے ہیں، جبکہ بھارتی پارلیمنٹ میں ان کے حق میں کوئی آواز نہیں اٹھ رہی۔ خواجہ آصف کے مطابق اس خاموشی نے مودی کی سیاسی پوزیشن مزید کمزور کر دی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ بھارت جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے، حتیٰ کہ پاکستانی فیلڈ مارشل کے خطاب کو ایٹمی ہتھیاروں سے جوڑنے کا غلط دعویٰ بھی کیا گیا، حالانکہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت خود دہشتگردوں کے ذریعے ایٹمی ہتھیاروں کی اسمگلنگ میں ملوث رہا ہے۔ وزیر دفاع نے واضح کیا کہ پاکستان کے بازو آزمائے ہوئے ہیں اور اگر بھارت نے جنگ چھیڑی تو یہ مخصوص یا محدود علاقوں تک نہیں رہے گی بلکہ پورا بھارت اس کی لپیٹ میں آ جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں