اسلام آباد ایئرپورٹ بند ہونے کی خبروں کی حقیقت سامنے آگئی

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 8 روز کے لیے بند کیے جانے کی خبروں کی حقیقت سامنے آ گئی ہے۔

سوشل میڈیا پر گزشتہ چند روز سے یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ اسلام آباد ایئرپورٹ 8 دن کے لیے بند کیا جا رہا ہے، جس کے باعث شہریوں میں بے یقینی اور پریشانی پیدا ہوئی۔ تاہم پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے ان خبروں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے واضح تردید جاری کر دی ہے۔

پی اے اے کے مطابق ایئرپورٹ کو بند کرنے کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔ صرف 14 اگست کو یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں سیکیورٹی اور انتظامی وجوہات کی بنا پر مخصوص وقت کے دوران آمد و روانگی کا سلسلہ دو گھنٹوں کے لیے معطل رکھا جائے گا۔

اتھارٹی نے مزید وضاحت کی کہ اس مختصر تعطل کے علاوہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر تمام فلائٹ آپریشن معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close