جھوٹے شخص کا حافظہ نہیں ہوتا، عرفان صدیقی کا بھارتی ایئر چیف کے بیان پر ردعمل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے بھارتی فضائیہ کے سربراہ کے حالیہ بیان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر سنجیدہ تبصرہ کرنا بھی مشکل ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کو تین ماہ گزر چکے ہیں اور اس دوران بی جے پی کے رہنماؤں کے بیانات بھی سامنے آچکے ہیں، لیکن بھارتی ایئر چیف نے اب ایک جھوٹا دعویٰ کیوں کیا، یہ سمجھ سے باہر ہے۔ عرفان صدیقی نے بتایا کہ جنگ کے دوسرے یا تیسرے دن ہی بھارتی رہنماؤں نے تسلیم کر لیا تھا کہ بھارت کو نقصان ہوا ہے اور وزیر اعظم مودی کو قوم کو بتانا چاہیے کہ ان کے پانچ طیارے گرائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی نے پارلیمنٹ میں ایک گھنٹے سے زیادہ تقریر کی مگر اس بارے میں ایک لفظ بھی نہیں کہا۔

ان کے مطابق جھوٹے شخص کا حافظہ نہیں ہوتا، اور شاید بھارتی حکام یہ سمجھ رہے ہیں کہ ان کا جھوٹ سچ مانا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی نے بھی حالیہ دنوں میں پریس کانفرنسز میں انتخابات میں مودی کی جیت پر سوال اٹھائے ہیں، جو بھارتی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے۔ اس سے مودی پر سیاسی دباؤ بڑھا ہے اور خارجی سطح پر بھی بھارتی حکومت کو رسوائی کا سامنا ہے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ اگر بہار میں بی جے پی الیکشن ہار گئی تو اس کی پوزیشن مزید کمزور ہو جائے گی، کیونکہ بی جے پی نے خود اپنے پاؤں پر کلہاڑی ماری ہے۔

9 مئی کے واقعات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سیاسی نہیں بلکہ جرائم کے مقدمات ہیں اور ان میں سزائیں دی جا رہی ہیں، تاہم سزا پانے والوں کو اپیل کا حق حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت، امریکا یا برطانیہ میں کوئی جماعت ایسا کرتی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوتے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل بھارتی ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ نے تین ماہ قبل کی جنگ میں پاکستان کے پانچ لڑاکا طیاروں سمیت چھ طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا، حالانکہ اس حوالے سے بھارت کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close