پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو توسیع دینے پر قوم سے معافی مانگ لی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ کو ایکسٹینشن دینا پارٹی کی غلطی تھی، اور اس پر پارٹی قوم سے معذرت خواہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں موجودہ نظام نہ قانونی ہے اور نہ ہی جمہوری، اور خدشہ ہے کہ حالات تیزی سے انارکی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ اسد قیصر نے اعلان کیا کہ پارٹی 26ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے وکلا برادری سے مشاورت کرے گی اور ان سے رابطے کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
سابق اسپیکر نے زور دیا کہ ملکی نظام کی بہتری کے لیے سیاسی جماعتوں کے درمیان ڈائیلاگ ضروری ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان سمیت تمام رہنماؤں کے خلاف مقدمات کا فیصلہ مکمل غیر جانبداری اور میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیے۔
اسد قیصر نے قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف بنائے جانے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کے نام کی گردش کرنے والی اطلاعات درست نہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عمر ایوب جلد واپس آئیں گے اور وہی اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں