نیب کی کارکردگی رپورٹ، اربوں روپے کی ریکوری کر لی

قومی احتساب بیورو (نیب) نے رواں سال کے پہلے چھ ماہ کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق اس عرصے میں مجموعی طور پر 547 ارب 31 کروڑ روپے ریکور کیے گئے۔

ترجمان نیب کے مطابق 532 ارب 33 کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں وفاقی و صوبائی محکموں اور دیگر اداروں کے حوالے کی گئیں، جبکہ دھوکہ دہی کے مقدمات میں 12 ہزار 611 متاثرین کو ان کی لوٹی ہوئی رقوم واپس دلوائی گئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیب سکھر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی 25 ارب روپے مالیت کی زمین اور اسلام آباد کے سیکٹر ای-الیون میں 29 ارب روپے مالیت کی 51 کینال قیمتی سرکاری اراضی واگزار کر کے سی ڈی اے کے حوالے کی۔

مزید بتایا گیا کہ 3 ارب روپے کی بازیاب رقم 17 ہزار 214 متاثرین میں تقسیم کی جائے گی۔ نیب لاہور نے 3.2 ارب روپے کی ریکور شدہ رقم 11 ہزار 880 متاثرین میں تقسیم کی، جبکہ 9.3 ارب روپے مالیت کی 8 جائیدادیں واگزار کروائیں، جن کی رقم 2 ہزار 500 متاثرین کو دی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close