پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن پنجاب اسمبلی امتیاز محمود شیخ نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے رکنیت معطلی کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔
امتیاز محمود شیخ نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں پنجاب حکومت، گورنر پنجاب، اسپیکر پنجاب اسمبلی اور دیگر کو فریق بنایا ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اسمبلی اجلاس کے دوران چار قوانین کی منظوری کے وقت انہوں نے کورم کی نشاندہی کی تھی، جس کے بعد اسپیکر نے اسمبلی رولز 4 اور 5 کا غلط استعمال کرتے ہوئے ان کی رکنیت 15 اجلاسوں کے لیے معطل کر دی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اسپیکر کا یہ اقدام کالعدم قرار دے کر رکنیت بحال کی جائے۔واضح رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ کی خلاف ورزی پر اپوزیشن کے 26 ارکان کو 15 اجلاسوں کے لیے معطل کیا گیا تھا۔ اسپیکر ملک محمد احمد خان کے مطابق ایوان میں ہنگامہ آرائی، نعرے بازی، دھکم پیل اور دستاویزات پھاڑنے جیسے اقدامات پر کارروائی کی گئی، ایوان کی حرمت اور نظم و ضبط ہر حال میں برقرار رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج کا حق تسلیم شدہ ہے لیکن اس کی حدود آئین، قانون اور قواعد کے تحت ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں