شیر افضل مروت پی ٹی آئی میں واپس آ رہے ہیں؟ تفصیلات جانئے

پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شیر افضل مروت کی پارٹی میں واپسی کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق اراکین نے مؤقف اختیار کیا کہ کسی بھی فیصلے سے قبل شیر افضل مروت کا مؤقف سنا جانا ضروری ہے۔

اجلاس کے دوران اسد قیصر اور شہریار آفریدی نے شیر افضل مروت کی واپسی کے حق میں دلائل دیے، جبکہ نثار جٹ نے بھی ان کی حمایت کی۔ پارٹی ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت نے موقف اختیار کیا کہ وہ صرف ان بیانات کا جواب دیتے ہیں جو پارٹی کے اندر سے ان کے خلاف آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پارٹی کے اراکین ان کے خلاف بیانات دینا بند کر دیں تو وہ بھی خاموشی اختیار کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ ممکن نہیں کہ پارٹی کے اندر سے ہی ان پر الزامات لگائے جائیں اور وہ جواب نہ دیں۔

ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے شیر افضل مروت سے درخواست کی کہ وہ فی الحال خاموش رہیں، اور ان سے متعلق حتمی مؤقف پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ماضی میں شیر افضل مروت اور سلمان اکرم راجا کے درمیان شدید لفظی اختلافات سامنے آ چکے ہیں۔ انہی تنازعات کے باعث، عمران خان نے پارٹی کی درخواست پر شیر افضل مروت کو تحریک انصاف سے نکال دیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close