پی ٹی آئی کے قومی اسمبلی میں 3 عہدے خالی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قومی اسمبلی میں تین اہم عہدے خالی ہوگئے ہیں۔ ان میں عمر ایوب کا قائد حزب اختلاف، زرتاج گل کا پارلیمانی لیڈر اور احمد چٹھہ کا ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کا عہدہ شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا چیمبر بھی واپس لے لیا گیا ہے، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے اسمبلی قواعد کے مطابق نااہل ممبران سے متعلق ایوان کو آگاہ کر دیا ہے۔

اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے لیے اپوزیشن جماعتوں اور اسپیکر کے درمیان مشاورت کا عمل دوبارہ شروع کیا جائے گا، جس کے بعد اسپیکر نئے اپوزیشن لیڈر کے لیے نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے آزاد حیثیت اختیار کرنے والے ارکان کو پارلیمانی لیڈر اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر کے لیے دوبارہ نام دینے ہوں گے۔ ادھر عمر ایوب کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور فنانس کمیٹی کی رکنیت سے بھی خارج کر دیا گیا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے نااہل قرار دیے گئے سات ارکان سے قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت بھی واپس لے لی گئی ہے۔

مجموعی طور پر ان سات ارکان سے پندرہ قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت واپس لی گئی ہے۔

یاد رہے کہ کچھ روز قبل انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں عمر ایوب کو سزا سنائی تھی، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے عمر ایوب، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز سمیت نو ارکان پارلیمنٹ کو نااہل قرار دے دیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close