پاکستان کو کتنا نقصان ہوا، خواجہ آصف نے بتا دیا

وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں بتایا کہ بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے بعد پاکستان نے 24 اپریل سے 30 جون تک بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند رکھی، جس سے ملک کو مجموعی طور پر 4 ارب 10 کروڑ روپے کا مالی نقصان ہوا۔

انہوں نے کہا کہ فضائی حدود کی بندش سے روزانہ 100 سے 150 بھارتی طیارے متاثر ہوئے اور مجموعی فضائی ٹریفک میں تقریباً 20 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ ان کے مطابق پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کو اوور فلائنگ فیس کی مد میں 7 ارب روپے سے زائد نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔

خواجہ آصف نے نشاندہی کی کہ 2019 میں بھی اسی طرح کی پابندی سے پی آئی اے کو مالی خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حالیہ بندش کی وجہ سے مالی نقصان ضرور ہوا، لیکن قومی خودمختاری اور دفاع کو ہر حال میں ترجیح دی جاتی ہے۔

تحریری جواب میں کہا گیا کہ جب وطن کے تحفظ کا معاملہ ہو تو کوئی قیمت بڑی نہیں ہوتی۔ بھارت کے سوا تمام دیگر بین الاقوامی ایئر لائنز کے لیے پاکستانی فضائی حدود کھلی ہیں، جبکہ بھارتی حکومت نے بھی پاکستانی طیاروں پر اپنی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اگرچہ یہ بندش عارضی تعطل کا باعث بنی، تاہم پی آئی اے نے اس دوران مالی استحکام برقرار رکھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close