اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجا کو 11 اگست تک حفاظتی ضمانت دے دی ہے۔
چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے سلمان اکرم راجا کی درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران راجا خود عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے مقدمات کی تفصیلات کے لیے پہلے بھی درخواست دی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ کے مطابق ان کے خلاف اسلام آباد میں 10 مقدمات درج تھے، تاہم اب تھانہ کراچی کمپنی میں 24 نومبر کو درج ایک اور مقدمہ بھی سامنے آ گیا ہے، جس میں ان کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جا چکے ہیں۔
سلمان اکرم راجا نے عدالت سے استدعا کی کہ مزید ممکنہ ایف آئی آرز اور مقدمات کی موجودگی کے پیشِ نظر انہیں حفاظتی ضمانت دی جائے تاکہ وہ عدالتوں میں پیش ہو سکیں۔ عدالت نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے پیر 11 اگست تک حفاظتی ضمانت دے دی اور وفاقی حکومت اور پولیس کو نوٹس جاری کر دیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں