دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری آگئی

اسلام آباد: دوہری شہریت رکھنے والے پاکستانیوں کے لیے خوشخبری، اب دوسری ملک کی شہریت لینے پر پاکستانی شہریت سے دستبردار ہونا ضروری نہیں ہوگا۔

اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاکستان شہریت ترمیمی بل 2025 پیش کیا گیا۔ یہ بل وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور طلال چوہدری نے پیش کیا، جسے مزید غور و خوض کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

بل کا مقصد بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ان کا شہریت کا حق واپس دینا اور دوہری شہریت سے متعلقہ مشکلات کا حل نکالنا ہے۔ طلال چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ نئے قانون کے تحت اب کسی دوسرے ملک کی شہریت لینے پر پاکستانی شہریت خودکار طور پر ختم نہیں ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان نے اُن ممالک کے ساتھ معاہدے کیے ہیں جہاں دوہری شہریت کو تسلیم کیا جاتا ہے، اور انہی معاہدوں کی بنیاد پر اس بل کو قانون کی شکل دی جا رہی ہے تاکہ اوورسیز پاکستانیوں کو مکمل قانونی اور شہری حقوق حاصل رہیں۔

اجلاس کے دوران رکنِ قومی اسمبلی سید نوید قمر نے پارلیمنٹ کی موجودگی میں آرڈیننس جاری کرنے پر اعتراض کیا اور کہا کہ قانونی فیصلے صرف پارلیمنٹ کے ذریعے ہی ہونے چاہئیں۔

اس کے علاوہ اجلاس میں موٹر وہیکلز انڈسٹری ڈیولپمنٹ بل 2024 بھی پیش کیا گیا، جس کا مقصد پاکستان میں آٹو انڈسٹری کی ترقی کے لیے نئے قوانین متعارف کروانا ہے۔

یہ دونوں بل موجودہ حکومت کی قانون سازی کے اہم اقدامات سمجھے جا رہے ہیں، جو نہ صرف بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ریلیف فراہم کریں گے بلکہ پاکستان کی صنعتی ترقی کے لیے بھی نئی راہیں کھولیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close