اسلام آباد: وفاقی حکومت نے امریکی ٹیرف کے باعث پاکستان کو ایک ارب ڈالر نقصان پہنچنے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ امریکا نے پاکستان پر عائد ٹیرف 29 فیصد سے کم کرکے 19 فیصد کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کمی کے بعد امریکی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی فروخت میں اضافہ متوقع ہے، خاص طور پر ٹیکسٹائل کی برآمدات میں نمایاں بہتری کا امکان ہے۔
اس معاملے پر وزارت خزانہ کے جواب جمع نہ کروانے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیکرٹری خزانہ کو ایوان میں طلب کر لیا۔ ساتھ ہی اسپیکر نے فنانس کمیٹی کے چیئرمین کو ہدایت دی کہ وہ سیکرٹری خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک کو بھی طلب کریں، اور کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو گورنر اسٹیٹ بینک کو بھی بلایا جائے گا۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں سوشل میڈیا اور مختلف ذرائع میں یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ امریکی ٹیرف کے نتیجے میں پاکستان کو ایک ارب ڈالر کا تجارتی نقصان ہو سکتا ہے، جس کی حکومت نے واضح تردید کر دی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں