پی ٹی آئی کو بڑا دھچکا، اہم رہنما کی پیپلز پارٹی میں شمولیت

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو سیاسی سطح پر بڑا جھٹکا، ڈپٹی انفارمیشن سیکریٹری ساجد قریشی نے درجنوں ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔

ساجد قریشی نے گورنر ہاؤس لاہور میں گورنر پنجاب سلیم حیدر ہوتی سے ملاقات کی، جہاں انہیں پیپلز پارٹی میں باضابطہ طور پر خوش آمدید کہا گیا۔ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، احتجاجی سیاست اور جمہوریت کے مستقبل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

گورنر پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ عوام نے 5 اگست کی احتجاجی کال کو رد کر کے یہ پیغام دیا ہے کہ وہ ملک میں استحکام چاہتے ہیں، نہ کہ انتشار۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کو وہ واحد جماعت قرار دیا جو ہمیشہ اپنے کارکنوں کے ساتھ کھڑی رہتی ہے۔ ساتھ ہی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو نوجوان قیادت کی پہچان قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جلد وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالیں گے۔

ساجد قریشی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ احتجاجی سیاست، دھرنوں اور منفی بیانیے سے مایوس ہو چکے ہیں، اور ایسی جماعت کا حصہ نہیں رہ سکتے جو ریاستی مفادات کے خلاف ہو۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قومی مفاد پر مبنی مثبت سیاست کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔

  1. گورنر پنجاب نے ساجد قریشی اور ان کے ساتھیوں کو پارٹی میں خوش آمدید کہا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کی خدمات کا اعتراف کیا جائے گا اور انہیں پارٹی میں باعزت مقام دیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close