بانی پی ٹی آئی کی رہائی ، بیرسٹر سیف نے بڑادعویٰ کر دیا

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ اب کوئی طاقت بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکتی۔

نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے گزشتہ روز ملک بھر میں ایک کامیاب اور پرامن احتجاج کا مظاہرہ کیا، جس میں پنجاب بھر سے عوام بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکلے۔ پی ٹی آئی کی قیادت اور کارکن اب عمران خان کی دوسری کال کے منتظر ہیں۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جب عوام کا سمندر سڑکوں پر نکلا تو حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی، عمران خان کی رہائی اب یقینی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مارچ کی کامیاب قیادت کی، جس میں عوام نے بھرپور شرکت کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ گنڈاپور بانی پی ٹی آئی کی اگلی کال کے شدت سے منتظر ہیں، اور جیسے ہی کال موصول ہوئی، ہم دوبارہ میدان میں نکلیں گے، چاہے وہ اسلام آباد ہو یا لاہور۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close