نادرا نے وراثتی جائیداد سے متعلق جانشینی سرٹیفکیٹ کے حصول کو ملک بھر میں مزید سہل اور قابلِ رسائی بنا دیا ہے۔ اب وراثتی جائیداد چاہے پاکستان کے کسی بھی حصے میں واقع ہو، درخواست گزار ملک بھر میں موجود کسی بھی نادرا مرکز سے درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔
ترجمان نادرا کے مطابق ملک بھر میں قائم نادرا کے 186 جانشینی سہولت مراکز اب تمام صوبوں کی درخواستیں وصول کریں گے۔ یہ مراکز اسلام آباد، پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں فعال ہیں۔
نادرا کے مطابق قانونی ورثا اپنی بائیومیٹرک تصدیق نادرا کے کسی بھی مرکز پر کرا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں، بائیومیٹرک تصدیق کی سہولت “پاک آئی ڈی” موبائل ایپ پر بھی دستیاب ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اس سے قبل جانشینی سرٹیفکیٹ کے لیے درخواست صرف اسی صوبے میں دی جا سکتی تھی جہاں متعلقہ جائیداد واقع ہوتی تھی، تاہم اب نیا طریقہ کار نافذ ہو چکا ہے اور نادرا ہیڈکوارٹرز کی جانب سے تمام مراکز کو اس بارے میں نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں