فیلڈ مارشل عاصم منیر کے صدر بننے کی افواہیں بے بنیاد ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاکستان کا صدر بنانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار برطانوی جریدے دی اکنامسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے متعلق صدر بننے کی افواہیں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں، اور معرکہ حق کے بعد کیے گئے سیاسی تجزیے بھی ناقابل قبول ہیں۔ بھارتی جارحیت پر پاکستان کے ممکنہ ردعمل سے متعلق سوال کے جواب میں لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ آئندہ کسی بھارتی کارروائی کی صورت میں ردعمل کا آغاز بھارت کے مشرقی محاذ سے ہوگا، اور حملہ بھارت کے اندر گہرائی میں کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ وہ بھی ہر جگہ نشانہ بن سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل سوشل میڈیا پر ایسی افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ موجودہ صدر آصف علی زرداری کو ہٹا کر آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو صدر بنایا جا رہا ہے۔ ان افواہوں پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کے خلاف مہم چلانے والوں کے پیچھے کون ہے، حکومت بخوبی جانتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ نہ تو صدر کے استعفے کی کوئی بات ہوئی ہے اور نہ ہی آرمی چیف کے صدر بننے کی کوئی خواہش یا تجویز موجود ہے۔ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے بھی صدر زرداری کے خلاف قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ آصف علی زرداری پاکستان کے آئینی و منتخب صدر ہیں، اور ان کے خلاف افواہیں پھیلانے والے آئین و قانون سے نابلد ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ پیپلز پارٹی کی حمایت کے بغیر حکومت چل ہی نہیں سکتی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close