اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے ترجمان شیخ وقاص اکرم کی مسلسل غیر حاضری پر ان کی نشست خالی قرار دینے کا عندیہ دیا ہے۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ شیخ وقاص اکرم بغیر کسی رخصت کے گزشتہ 40 دن سے زائد عرصے سے غیر حاضر ہیں، اور آئین کے آرٹیکل 64 کے تحت اگر کوئی رکن اتنے عرصے تک ایوان سے غیر حاضر رہے تو اسپیکر اسے ایوان کے نوٹس میں لا کر نشست خالی قرار دے سکتا ہے۔
اس موقع پر طارق فضل چوہدری نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل میاں محمد سومرو کی نشست بھی 40 دن کی غیر حاضری کی بنیاد پر خالی قرار دی گئی تھی۔
رکن قومی اسمبلی نوشین افتخار نے باقاعدہ طور پر شیخ وقاص اکرم کی رکنیت ختم کرنے کی تحریک پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شیخ وقاص اکرم مسلسل 40 دن سے غیر حاضر ہیں، اس لیے ان کی نشست آئین کے آرٹیکل 64 کے تحت ختم کی جائے۔
ڈپٹی اسپیکر نے معاملے پر کارروائی کے لیے متعلقہ قواعد کے مطابق عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں