بھارت کشمیریوں کا ڈیتھ وارنٹ نکال چکا، آج اتحاد کی ضرورت ہے، مشعال ملک

کراچی: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ، مگر آج پوری قوم کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے 2019 میں کشمیریوں کے ڈیتھ وارنٹ جاری کیے، قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا، اور آج بھی کشمیری اپنے حقِ خودارادیت کی قیمت چکا رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ یاسین ملک کو پھانسی دینے کی سازش کی جا رہی ہے، اور بھارت کشمیریوں کو دبانے کے لیے فالس فلیگ آپریشنز کا سہارا لے رہا ہے۔ پہلگام واقعے میں بغیر ثبوت پاکستان پر الزام لگایا گیا، جبکہ بھارت کے دہشتگرد نیٹ ورک مختلف ممالک میں بے نقاب ہو رہے ہیں۔

مشعال ملک نے کہا کہ مودی حکومت ہر آزادی کی آواز کو دہشتگردی سے جوڑ دیتی ہے، اور 50 لاکھ بھارتی شہریوں کو مقبوضہ کشمیر کا ڈومیسائل دے کر آبادی کا تناسب تبدیل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حق و باطل کے اس معرکے میں اللہ نے ہمیشہ پاکستان کو سرخرو کیا ہے، پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت کا ہاتھ ہے، جبکہ ماضی میں پاکستان نے ایران-اسرائیل سیز فائر میں بھی کردار ادا کیا۔ مشعال ملک نے آخر میں اس بات پر زور دیا کہ اختلافات سے بالاتر ہوکر قومی اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close