بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ادائیگی سسٹم سے متعلق خوشخبری

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) 13 اگست سے براہ راست بینک اکاؤنٹس پر مبنی ادائیگی کے نظام “صحت اکاؤنٹس” کے پائلٹ مرحلے کا آغاز کر رہا ہے۔ اس جدید ادائیگی نظام کے تحت مستحق خواتین اپنی پسند کے بینک میں ذاتی اکاؤنٹس کھول کر براہ راست مالی معاونت حاصل کر سکیں گی۔

بی آئی ایس پی کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد کے مطابق، یہ ماڈل نقد رقوم کی منتقلی کے پرانے طریقوں کی جگہ لے کر مزید شفاف، محفوظ اور باوقار نظام متعارف کرائے گا۔

پائلٹ پروگرام کا باقاعدہ آغاز 14 اگست 2025 کو کراچی، لاہور، کوئٹہ، پشاور، گلگت اور مظفرآباد سمیت سات بڑے اضلاع میں کیا جائے گا، جہاں مستحق خواتین کے ذاتی اکاؤنٹس میں رقوم براہ راست منتقل کی جائیں گی۔ اس نظام کا مقصد خواتین کو خودمختار اور باوقار انداز میں مالی رسائی فراہم کرنا ہے۔

سینیٹر روبینہ خالد نے مزید بتایا کہ ادائیگیوں کے لیے ڈیجیٹل والٹ اکاؤنٹس پر بھی کام جاری ہے تاکہ مستقبل میں مکمل ڈیجیٹل مالی نظام اپنایا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ 21 جون 2025 کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے “بینظیر ہنرمند پروگرام” کا افتتاح کیا۔ اس پروگرام کے تحت بی آئی ایس پی سے مستفید ہونے والی خواتین اور ان کے اہل خانہ کو عالمی معیار کی فنی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ خود کفیل ہو کر ملکی معیشت میں مثبت کردار ادا کر سکیں۔

سینیٹر روبینہ خالد نے اسے پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام پر عملدرآمد کے لیے صوبائی ٹیوٹاز، وزارتِ اوورسیز اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کا تعاون حاصل ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی آئی ایس پی آج ایک عالمی سطح پر تسلیم شدہ فلاحی ماڈل بن چکا ہے، اور گزشتہ برس متعدد ممالک کے وفود نے مطالعاتی دورے کیے تاکہ اپنے ممالک میں اسی طرز کے پروگرامز تشکیل دے سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close