راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں ہوئی، جہاں نیب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آفتاب احمد نے بطور گواہ اپنا بیان قلم بند کروایا۔
اس کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی، جہاں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کے وکیل ارشد تبریز نے گواہ پر جرح مکمل کی، جبکہ عمران خان کے وکیل قوسین مفتی آئندہ سماعت پر جرح کریں گے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید دو گواہوں کو طلب کر لیا ہے جن کے بیانات قلم بند کیے جائیں گے۔ کیس کی سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
دریں اثنا، ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان سے فون پر ایک گھنٹے سے زائد بات چیت کرائی گئی۔ عمران خان نے بتایا کہ گفتگو کے دوران پتا چلا کہ ان کے بچوں کے نائیکوپ کارڈز کی مدت ختم ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی یہ نہیں کہا کہ ان کے بچے احتجاجی تحریک کے لیے پاکستان آئیں گے، تاہم اگر وہ ملاقات کے لیے آنا چاہیں تو ضرور آئیں۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل میں اخبارات، ٹی وی اور دیگر سہولیات دوبارہ فراہم کر دی گئی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں