راولپنڈی: سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل عبدالغفور انجم نے بانی پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جیل میں ہیپاٹائٹس سے متعلق تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اڈیالہ جیل میں کسی قیدی کا ہیپاٹائٹس سے متاثر ہونا ثابت نہیں ہوا اور تمام قیدیوں کے ہیپاٹائٹس بی، سی اور ایچ آئی وی کے ٹیسٹ معمول کے مطابق کیے جاتے ہیں۔ عبدالغفور انجم نے کہا کہ جیل میں قیدیوں کا طبی معائنہ باقاعدگی سے ہوتا ہے اور اگر کوئی قیدی وائرل بیماری میں مبتلا پایا جائے تو اسے فوری طور پر دیگر قیدیوں سے الگ کر دیا جاتا ہے تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی کے بیٹے قاسم خان نے دعویٰ کیا تھا کہ اڈیالہ جیل میں ہیپاٹائٹس کی وجہ سے 10 قیدی جاں بحق ہو چکے ہیں اور خدشہ ظاہر کیا تھا کہ ان کے والد بھی اس بیماری سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں