کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ڈس انفارمیشن اور مس انفارمیشن اب ایک ہتھیار کی صورت اختیار کرچکی ہیں، جس کے ذریعے دشمن عناصر پاکستان کے خلاف بیانیہ جنگ لڑ رہے ہیں۔
کراچی میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جس طرح پاکستانی افواج نے بھارت کو جنگی محاذ پر شکست دی، اسی طرح پاکستانی میڈیا نے بھارتی میڈیا کو بیانیے کی جنگ میں ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹ اور پروپیگنڈے میں ملوث رہا، جب کہ پاکستانی میڈیا نے سچ اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کے ذریعے دنیا کو اصل صورتحال سے آگاہ کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ دشمن دہشتگرد گروہ کشمیر، بلوچستان اور سندھ کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا پھیلا رہے ہیں۔ اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پی ایف یو جے کی مدد سے قانون سازی کی جائے گی تاکہ ڈس انفارمیشن کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں آزادیٔ صحافت کو آج بھی چیلنجز درپیش ہیں، اور امید ظاہر کی کہ وفاقی حکومت صحافیوں کی قدر کرے گی اور اپنی بعض پالیسیوں پر نظرِ ثانی کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں