عمران خان کے بیٹوں کو پاکستان آنے سے روکنے سے متعلق شیخ وقاص اکرم کا اہم انکشاف

لاہور — تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمران خان نے اپنے بیٹوں قاسم اور سلیمان کو پاکستان آنے سے روک دیا ہے۔

ایک بیان میں شیخ وقاص اکرم نے واضح کیا کہ عمران خان کے بچوں کی پاکستان آمد طے ہے، صرف تاریخ کا تعین باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے قاسم اور سلیمان کو پاکستان آنے سے کبھی نہیں روکا۔

اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے بھی مؤقف دیا کہ عمران خان کے بیٹے واشنگٹن ڈی سی میں اپنے والد کے لیے مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قاسم اور سلیمان جب چاہیں پاکستان آسکتے ہیں، یہ ان کی ذاتی مرضی پر منحصر ہے۔

خیال رہے کہ کچھ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ عمران خان نے مبینہ طور پر اپنے بیٹوں کو موجودہ حالات کے پیش نظر پاکستان نہ آنے کی ہدایت کی ہے، تاہم تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ان خبروں کو سراسر غلط اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close