پاسپورٹ آفس کے باہر شہریوں کو لوٹنے والا ایجنٹ مافیا بے نقاب ہو گیا، جعلساز ایجنٹس لوگوں کو تیز رفتار اور آسان پاسپورٹ کی جھوٹی یقین دہانی کرا کے بھاری رقوم وصول کر رہے تھے۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے شیخوپورہ میں پاسپورٹ آفس پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بدعنوانی میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کو بے نقاب کیا،ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ چھاپے کے دوران دفتر کے باہر غیرقانونی طور پر کام کرنے والے 8 ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا ہے جو شہریوں سے بھاری رقوم لے کر پاسپورٹ کے عمل کو “فوری اور آسان” بنانے کا جھانسہ دے رہے تھے۔
کارروائی کے دوران پاسپورٹ آفس کے دو سیکیورٹی گارڈز کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے، جن پر ایجنٹوں کو دفتر میں داخلے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں معاونت فراہم کرنے کا الزام ہے،ایف آئی اے حکام کے مطابق، پاسپورٹ آفس میں ایجنٹوں کے داخلے پر پہلے ہی پابندی عائد تھی، اس کے باوجود ایک منظم نیٹ ورک عرصہ دراز سے خفیہ طور پر سرگرم تھا۔
حکام نے شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ایجنٹوں سے پاسپورٹ کے سلسلے میں کسی بھی قسم کا لین دین نہ کریں اور سرکاری طریقہ کار پر عمل کرتے ہوئے خود رجوع کریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں