ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے عمل کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے کے لیے ایک نئی اعلیٰ سطحی لائسنسنگ کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو رجسٹریشن کی درخواستوں کی جانچ پڑتال، شکایات کی سماعت اور لائسنس منسوخی کی سفارشات کی مجاز ہوگی۔
یہ کمیٹی سیلز ٹیکس رولز 2006 اور انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے تحت حاصل اختیارات کے تحت قائم کی گئی ہے۔ نئی رجسٹریشنز، شکایات اور لائسنس کی منسوخی سے متعلق تمام سفارشات کا اختیار اب اس کمیٹی کو حاصل ہوگا۔
کمیٹی کی سربراہی ڈی جی آئی ٹی اینڈ ڈی ٹی عابد محمود کریں گے، جبکہ ریونیو آپریشنز، آئی ٹی، سسٹمز اور پی آر اے ایل کے سینئر افسران بھی اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔ چیف ریونیو آپریشنز ارشد نواز اور چیف سسٹمز عامر جاوید کو بھی کمیٹی میں شامل کر لیا گیا ہے۔
دستاویزات کے مطابق نئے قواعد و ضوابط کے تحت رجسٹریشن کی شرائط و تجاویز مرتب کی جائیں گی۔ اس حوالے سے پہلے جاری کیے گئے تین نوٹیفکیشنز کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔
کمیٹی درخواست دہندگان کی مکمل اہلیت کا جائزہ لے گی اور شکایات کی بنیاد پر لائسنس منسوخی کی سفارشات ایف بی آر بورڈ کو پیش کرے گی۔ کمیٹی میں پی آر اے ایل، ایس ٹی بی، ایف بی آر کا آئی ٹی ونگ اور فیلڈ افسران شامل ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں