سی ٹی ڈی کارروا ئیاں ،خطرناک دہشتگرد مارے گئے

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ آپریشن کیا، جس کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

آپریشن تھانہ میریان کی حدود میں انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کیا گیا۔ پولیس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیا تو دہشتگردوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فائرنگ شروع کر دی، جس کا مؤثر جواب دیا گیا اور تینوں دہشتگرد مارے گئے۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت مدثر عرف مدثری، تراب عرف عمر خطاب عرف ملنگ ولد رقیاز، اور محمد حسین عرف معاذ ولد شاد آیاز کے طور پر ہوئی، جن کا تعلق مختلف علاقوں سے تھا۔

پولیس ترجمان کے مطابق یہ دہشتگرد پولیس اہلکاروں فرمان علی، نصرت، کامران، فیاض الدین، سکندر اور اے ایس آئی اصغر خان کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، اور تھانہ بسیا خیل، سٹی کینٹ، میرا خیل سمیت مختلف چیک پوسٹوں پر حملوں کے مقدمات میں مطلوب تھے۔

آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے خلاف کئی مقدمات درج تھے اور وہ طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔

علاقہ کلیئر کر دیا گیا ہے جبکہ ممکنہ سہولت کاروں کی تلاش کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close