پیپرلیس پالیسی: وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے پہلی ای سمری پر دستخط کردیئے

خیبر پختونخوا حکومت نے دفتری امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب اہم پیشرفت کرتے ہوئے ای سمری سسٹم کا آغاز کر دیا ہے۔ اس نظام کے تحت اب سرکاری سمریاں کاغذ کی بجائے ڈیجیٹل فارمیٹ میں تیار اور ارسال کی جا رہی ہیں۔

حال ہی میں صوبے میں پہلی مرتبہ ایک سرکاری سمری کو کاغذ کے بجائے سوفٹ کاپی کی صورت میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو آن لائن سسٹم کے ذریعے بھیجا گیا، جس پر انہوں نے ڈیجیٹل دستخط کر کے اس نئے نظام کا آغاز کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب سرکاری مراسلے، اعلامیے اور احکامات بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل کیے جا رہے ہیں، جبکہ اجلاسوں کے ورکنگ پیپرز اور دیگر فائل ورک کو بھی ای سسٹم پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ وسائل کے ضیاع کو بھی روکا جا سکے گا۔ علی امین گنڈاپور نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا کو عمران خان کے وژن کے مطابق مکمل طور پر ڈیجیٹل صوبہ بنایا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close