اسلام آباد: محدود بجٹ میں اپنا گھر بنانے کے خواہشمند افراد کے لیے خوشخبری، حکومت نے سستے گھروں کے لیے نئی اسکیم کی منظوری دے دی۔ اس اسکیم کے تحت 20 سے 35 لاکھ روپے تک کا قرضہ 20 سال کی مدت کے لیے دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کم آمدنی والے افراد کے لیے گھروں کی فراہمی کے لیے سبسڈی اور رسک شیئرنگ اسکیم کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزارت ہاؤسنگ کو ایک جامع ڈیٹابیس تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ حکومت ملک میں لو کاسٹ ہاؤسنگ کو فروغ دے گی اور 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں ماحولیاتی پالیسی کے تحت پاکستان کی گرین ٹیکسونومی کی منظوری بھی دے دی گئی، جس سے ماحول دوست منصوبوں کو مالی امداد حاصل کرنے میں آسانی ہوگی۔
اس کے علاوہ، کمیٹی نے ویجیٹیبل گھی کی مقامی قیمتوں میں کمی نہ آنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قیمتوں پر کڑی نگرانی کی ہدایت کی ہے۔
مزید برآں، اجلاس میں شپ بریکنگ کو باقاعدہ صنعت کا درجہ دے دیا گیا اور اس شعبے کے لیے صنعتی بجلی نرخوں پر نظرثانی کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں