لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے اپنے خلاف قائم مقدمات کو بے بنیاد اور جعلی قرار دیتے ہوئے عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اپنے بیان میں حماد اظہر نے کہا کہ وہ بے گناہ ہیں اور جھوٹے مقدمات کا نشانہ بنے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان مقدمات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، لہٰذا وہ عدالت میں جا کر انصاف طلب کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر انصاف ملا تو اللہ کا شکر ادا کروں گا، اور اگر نہ ملا تو صبر و استقامت کے ساتھ ظلم برداشت کرتا رہوں گا کیونکہ اللہ صبر کرنے والوں کے ساتھ ہوتا ہے۔
حماد اظہر نے ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جو ان کے گھر تعزیت کے لیے آئے یا پیغام بھجوایا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے گھر والوں، بالخصوص والدہ، نے گزشتہ دو برسوں میں ان سے زیادہ تکالیف برداشت کی ہیں، اور وہ اس غم کے وقت میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ رہنے کے خواہاں ہیں۔ واضح رہے کہ حماد اظہر کے والد اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما میاں اظہر چند روز قبل لاہور میں انتقال کر گئے تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں