اسلام آباد: پاکستان نے سوشل میڈیا کمپنیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشت گرد گروپوں کے زیرِ استعمال گمنام اکاؤنٹس اور آئی ڈیز کو فوری طور پر بلاک کریں۔
وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر ایک مضبوط مورچہ ہے اور اب وقت آ گیا ہے کہ عالمی سوشل میڈیا آپریٹرز بھی اس جنگ میں تعاون کریں۔
طلال چوہدری نے کہا کہ ہم نے ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی کی ہے جو دہشت گرد گروپوں کے زیرِ استعمال ہیں، ان میں سے بیشتر واٹس ایپ پر سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان اکاؤنٹس کے آپریٹ ہونے کی درست لوکیشن کا علم نہیں، کیونکہ یہ جعلی اور گمنام آئی ڈیز کے ذریعے چلائے جا رہے ہیں۔ بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ دہشت گردی سے پاکستان کو جانی و مالی دونوں لحاظ سے بڑا نقصان پہنچا ہے، اور پاکستان کا مؤقف ہے کہ عالمی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ان گمنام اکاؤنٹس کو نہ صرف بلاک کریں بلکہ متعلقہ معلومات بھی فراہم کریں تاکہ کارروائی ممکن ہو سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان سوشل میڈیا کمپنیوں کی یہاں دفاتر کھولنے کی حوصلہ افزائی کرے گی، کیونکہ یہ قدم تعاون کے لیے اہم ہوگا۔ دونوں وزرا کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جاری عالمی جنگ میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں